مشترکہ اقل ترین پروگرام کا مسودہ منظور۔سونیا اور پوار کی اتوار کو ملاقات
ممبئی / نئی دہلی ۔ 14 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں نئی سیاسی شیرازہ بندی کے تحت شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس نے آج ایک بڑے اقدام میں اپنے مشترکہ اقل ترین پروگرام کے مسودہ کو منظوری دے دی ۔ اسے اب تینوں پارٹیوں کے سربراہوں سے رجوع کیا جائے گا جن کے اتفاق رائے کے بعد اسے قطعی شکل دی جائے گی۔ آج کی تبدیلی کے ساتھ مہاراشٹرا میں شیوسینا ۔ این سی پی ۔ کانگریس مخلوط حکومت کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ تاہم ریاست میں صدر راج نافذ ہے۔ بی جے پی کو سب سے پہلے حکومت سازی کا موقع دیا گیا جس نے استفادہ سے انکار کیا لیکن مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی رپورٹ کو بنیاد بناتے ہوئے ریاست میں صدر راج کی سفارش کردی جو پتہ نہیں کتنے عرصہ تک لاگو رہے گا۔ اس دوران صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سربراہ این سی پی شرد پوار دہلی میں اتوار 17 نومبر کو ایک اور میٹنگ منعقد کرنے کا امکان ہے جہاں دونوں قائدین مہاراشٹرا میں شیوسینا کے ساتھ حکومت سازی کیلئے نیا اتحاد قائم کرنے کے اقدامات پر غور کریں گے۔ ابھی واضح نہیں کہ صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے مشترکہ اقل ترین پروگرام کو قطعیت دیئے جانے کے بعد دیگر دونوں پارٹیوں کے سربراہوں شرد پوار اور سونیا گاندھی سے کب اور کہاں ملاقات کریں گے ۔ کانگریس اور این سی پی نے 10 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔
