حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مال اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے صحافیوں کے تین اہم مسائل کو عنقریب حل کرنے کا تیقن دیا۔ آج ضلع کھمم کے وائرا میں ٹی یو ڈبلیو جے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں عہد کی پابند ہے۔ انتحابات میں عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے ، ان وعدوں کو پورا کیا جارہا ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دی جائے گی۔ آئندہ ہفتہ صحافیوں کے ایکریڈیشن کے اجرائی کے معاملہ میں یونین کے قائدین سے مشاورت کے بعد قطعیت دی جائے گی۔ ایکریڈیشن کی فراہمی کے بعد ہیلت کارڈ دیئے جائیں گے۔ مکانات کی تعمیرات کیلئے اراضی کی فراہمی کا مسئلہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے جس کی وجہ سے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اس مسئلہ کو بھی حل کیا جائے گا ۔ کانگریس حکومت صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔ انہوں نے صحافیوں کو حکومت اور عوام کے درمیان کھل کر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ فلاحی اسکیمات کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کرتے ہوئے عوام کو ان اسکیمات سے استفادہ کرنے کیلئے ترغیب دینے پر زور دیا۔2