صحت سے متعلق امدادی بحری جہاز ترکی سے غزہ کیلئے روانہ

   

انقرہ: ترکی کی طرف سے غزہ کی پٹی کے لیے بھیجی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی صحت امداد لے کر جمعہ کو ایک جہاز روانہ ہوا۔ترک وزیر صحت فرحتین کوکا نے یہ اطلاع دی۔ کوکا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ایک خشک کارگو جہاز جس میں 51کنٹینرز طبی سامان اور جنریٹر اور 20 مکمل لیس ایمبولینسیں لے کر مغربی صوبے ازمیر کی السانکک کی بندرگاہ سے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ امدادی جہاز کی مصر کی العریش بندرگاہ پر ہفتے کے روز آمد متوقع ہے ۔وزیر نے کہا کہ 500 ٹن امدادی سامان میں آپریٹنگ تھیٹر اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ والے فیلڈ ہاسپٹلوں کے ساتھ ساتھ ان سپتالوں میں استعمال ہونے والی ادویات اور طبی اشیاء شامل ہیں۔ کوکا نے کہا کہ متعلقہ فیلڈہاسپٹل اور ایمبولینسیں غزہ میں یا مصر-غزہ سرحد کے قریب ترین مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر مصری وزارت صحت کے ساتھ ضروری ہم آہنگی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترکی اس سے قبل صحت کا سامان لے کر آٹھ کارگو طیارے غزہ بھیج چکا ہے ۔