صدارتی الیکشن میں کامیابی کیلئے مہاراشٹرا حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش

   

ریاستی وزیر سرینواس یادو کا الزام، مودی اور امیت شاہ جمہوری نظام کو تباہ کررہے ہیں
حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ملک میں جمہوری نظام کو برباد کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ ملک کا حشر کیا کرنا چاہتے ہیں وہ کوئی نہیں جانتا۔ ملک میں مقامی حکومتوں کو بی جے پی برداشت نہیں کررہی ہے اور غیر بی جے پی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے الیکشن میں کامیابی کیلئے مہاراشٹرا کی حکومت میں بحران پیدا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ناسازی مزاج کے نام پر گورنر مہاراشٹرا کا دواخانہ میں شریک ہونا اور ہنگامی طور پر گورنر گوا کو مہاراشٹرا کی اضافی ذمہ داری دینا یہ تمام سازش کا حصہ دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد کرناٹک، مدھیہ پردیش اورگوا میں عوامی منتخبہ حکومتوں کو زوال سے دوچار کردیا گیا۔ بی جے پی تمام ریاستوں میں عدم استحکام کے حالات پیدا کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ریاستوں میں غیر بی جے پی برسراقتدار جماعتوں میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی ملک میں مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان کی جانب سے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخانہ الفاظ کے استعمال سے دنیا بھر میں ہندوستان کا وقار مجروح ہوا ہے اور ہندوستان دفاعی موقف میں پہنچ گیا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ وقت ہمیشہ یکساں نہیں ہوتا۔ بی جے پی ہمیشہ برسراقتدار نہیں رہے گی اور حکومت کی تبدیلی کے بعد بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا۔ سرینواس یادو نے فلم فیڈریشن کے دفتر کے روبرو احتجاج کرنے والے فلم ورکرس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے سبب فلم انڈسٹری بحران کا شکار ہوئی۔ فلموں میں مختلف وجوہات کے سبب بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے فلم چیمبرس اور پروڈیوسرس کونسل کی جانب سے احتجاجی ورکرس کی بات چیت کا مشورہ دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی مداخلت کے بغیر ہی یہ مسئلہ اندرون دو یوم حل ہوجائے گا۔ ر