صدام حسین کی بیٹی رغد والد کی جیل میں لکھی یادداشتیں سامنے لے آئیں

   

بغداد: سابق عراقی صدر صدام حسین کی بیٹی رغد صدام نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ’’ ایکس‘‘ پر اپنے والد کی نجی یادداشتوں کے کچھ صفحات کی تصاویر پوسٹ کردیں۔ یہ یادداشتیں صدام حسین نے امریکی جیل میں اپنے ہاتھوں سے لکھی ہیں۔ رغد صدام نے اپنے والد کی تحریر میں یادداشتوں کو شائع کرنے کی وجہ یہ بتائی کہ پبلشنگ ہاؤسز کو ان کی اشاعت کے خلاف انتباہ موصول ہوا ہے۔رغد نے اپنی پوسٹ کے ساتھ 40 تصاویر منسلک کیں اور کہا کہ یہ میرے والد عراق کے صدر کی یادداشتوں کا ایک بہت چھوٹا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ قوم جو ہمیشہ آپ کی جدوجہد میں سب سے اہم رہی ہے۔ لیکن اے والد یہ قوم اب ٹھیک نہیں ہے اور عراق ٹھیک نہیں ہے۔ قوموں نے اس پر حملہ کر رکھا ہے۔ رغد نے اپنے والد کے مداحوں کو یادداشتیں وقف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کیلئے آپ کی اپنے ہاتھ لکھی یادداشتیں وقف کرتے ہیں جو آپ نے اس وقت لکھی تھیں جب آپ عراق میں امریکی حراست میں تھے۔