واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کر دیا ہے کہ اگر وہ 2024 میں دوبارہ منتخب ہوئے تو وہ سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق تمام خفیہ دستاویز جاری کر دیں گے۔ٹرمپ کا یہ بیان ان کے ڈیموکریٹک چیلنجر رابرٹ کینیڈی جونیئر کے گزشتہ ہفتے اس دعوی کے بعد سامنے آیا ہے کہ اس بات کے ”زبردست” شواہد موجود ہیں کہ ان کے چچا کی موت میں سی آئی اے ملوث تھی۔ٹرمپ نے پیر کو دی میسنجر کو بتایا میں نے بہت کچھ نکالا ہے، آپ جانتے ہیں اور میں باقی سب کچھ ظاہر کر دوں گا۔2018 میں ٹرمپ انتظامیہ نے ایک میمو میں لکھا تھا کہ جان ایف کیینڈی کے قتل سے متعلق ریکارڈز کو روکا جا رہا ہے کیونکہ قومی سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خارجہ امور کے خدشات کی وجہ سے کچھ معلومات کو چھپائے رکھنا چاہیے۔انہوں نے میمو میں مزید کہا ”میں آرکائیوسٹ کی سفارش سے اتفاق کرتا ہوں۔ قومی سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، یا خارجہ امور کو قابل شناخت نقصان سے بچانے کے لیے مسلسل اخفا ضروری ہے اور یہ فوری افشاء کرنے میں عوامی مفاد سے کہیں زیادہ ہیں۔