راشٹرپتی نیلائم میں وسیع تر انتظامات، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 17 تا 30 ڈسمبر سرمائی قیام کے سلسلہ میں حیدرآباد کے راشٹرپتی نیلائم میں بسر کریں گی۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے صدر جمہوریہ کے دورہ کے انتظامات پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ ریاست کے 5 روزہ دورہ کے موقع پر تمام محکمہ جات کو موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ چیف سکریٹری نے دورہ کے انتظامات میں شامل عہدیداروں کو بہتر تال میل کی ہدایت دی تاکہ نقائص سے پاک انتظامات کئے جاسکیں۔ حکومت کے علاوہ راشٹرپتی نیلائم کے عہدیداروں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت رہے گی۔ پولیس کو سیکوریٹی اور ٹریفک پولیس کو بہتر ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ فائر سرویسز کو راشٹرپتی نیلائم اور اطراف میں چوکسی کا مشورہ دیا گیا۔ فائر انجن مستقل طور پر تعینات رہیں گے۔ محکمہ صحت کو خصوصی ٹیم متعین کرنے کی ہدایت دی گئی۔ جی ایچ ایم سی اور پولیس کو بھی انتظامات میں مختلف ہدایات دی گئی۔ محکمہ برقی کو بلا وقفہ سربراہی کی ہدایت دی گئی۔ راشٹرپتی نیلائم گزرنے والے تمام راستوں پر صحت و صفائی کے موثر انتظامات کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں ڈی جی پی شیودھر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، اسپیشل چیف سکریٹری ہوم سی وی آنند ، پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار ، اسپیشل چیف سکریٹری برقی نوین متل ، سکریٹری پروٹوکول سریدھر ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت ، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز وکرم سنگھ مان ، اسپیشل کمشنر اطلاعات سی ایچ پریانک اور دوسرے شریک تھے۔1
