بی جے پی قائدین پر دروپدی مرمو کو گمراہ کرنے کا الزام‘ متاثرہ خواتین نے مقدمات واپس لئے
کولکاتہ: سندیش کھالی کے معاملے میں ترنمول کانگریس نے بی جے پی لیڈروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے معاملے سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو واقف کرانا ضروری ہے ۔مغربی بنگال کی وزیر اور ترنمول کانگریس لیڈر ششی پانجانے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیش کھالی سے ایک ٹیم لے کر ملک کے صدر جمہوریہ کو جھوٹی تصویر دکھائی ہے ۔مجھے لگتا ہے کہ سندیش کھالی کے شہریوں کی ایک ٹیم کو لے کر صدر جمہوریہ سے ملاقات کرانے چاہیے اور انہیں صحیح صورت حال سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ہم اس کے لیے اپنی اعلیٰ قیادت سے آگے بڑھنے کی اجازت لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی ٹیم جس نے صدر سے ملاقات کی تھی اس نے انہیں گمراہ کیا تھا۔ زعفرانی کیمپ وقتا فوقتا جھوٹ کا سہارا لیتی رہتی ہے ۔ اب ہمیں صدر سے ملنے کے لئے صحیح پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا اگر ہماری اعلی قیادت اس سلسلے میں اپنی منظوری دید ے ۔بی جے پی نے سندیش کھالی کے مقامی ترنمول کانگریس لیڈروں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے علاقے میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کا جھوٹا بیانیہ ہے اور بھگوا کیمپ نے مبینہ طور پر سندیش کھالی کی خواتین کو یہ جھوٹے الزامات لگانے کے لیے رقم ادا کی تھی۔ایک مبینہ اسٹنگ ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئی جس میں بی جے پی کے مقامی رہنما گنگادھر کوئل کو یہ تسلیم کرتے ہوئے دکھایا گیا کہ بی جے پی نے سندیش کھالی کی خواتین کو جنسی ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگانے کے لیے رقم دی تھی۔پانجانے کہا کہ بی جے پی اتنی گر گئی ہے کہ اس نے خواتین کے وقار کو مجروح کیا ہے ۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ خواتین کے قومی کمیشن کی چیئرپرسن بھی سندیش کھالی میں بی جے پی کی سازش میں ملوث تھی اور ترنمول کانگریس ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائے گی۔بی جے پی کو یا تو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے یا فی الحال خاموش رہنا چاہیے ۔ زعفرانی پارٹی یہ دکھانا چاہتی ہے کہ ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں مغربی بنگال میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سندیش کھالی کے بارے میں غلط بیانیہ بنا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنندبوس کے خلاف راج بھون کی ایک خاتون کارکن کی طرف سے چھیڑ خوانی کے الزامات پر انہوں نے کہا کہ پولیس انکوائری کر سکتی ہے لیکن اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع نہیں کر سکتی کیونکہ انہیں آئین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے ۔ترنمول کانگریس نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی بھی مغربی بنگال کے کوئلہ مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کوئلے کی اسمگلنگ میں ملوث بہت سے افراد جمعہ کو وزیر داخلہ امیت شاہ کی درگاپور ہوائی اڈے سے روانگی کے دوران دیکھے گئے ہیں ۔سندیش کھالی کیس میں خواتین نے بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے سادے کاغذ پر ان سے دستخط کرواکر ترنمول کانگریس قائدین پر عصمت ریزی کا الزام لگانے کے لئے مجبور کیا تھا۔ بعض خواتین نے حقائق کا انکشاف کرتے ہوئے ترنمول کانگریس قائدین کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔