صدر جمہوریہ کے دورہ کی اچانک منسوخی پرسیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں

   

سیاسی صورتحال کے پیش نظر لمحہ آخر میں دورہ منسوخ
حیدرآباد۔30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے دورہ کی اچانک منسوخی پر سیاسی حلقوں میں مختلف رائے کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ صدر جمہوریہ 29 ڈسمبر تا 3 جنوری حیدرآباد راشٹرپتی نیلائم میں قیام کرنے والے تھے۔ سالانہ سرمائی دورہ کیلئے صدر جمہوریہ ہر سال راشٹرپتی نیلائم میں قیام کرتے ہیں۔ راشٹرپتی بھون نے دورہ کے انتظامات میں تلنگانہ کو تفصیلات روانہ کی تھی جس کے بعد چیف سکریٹری کی قیادت میں انتظامات کی تکمیل کی گئی لیکن لمحہ آخر میں صدر جمہوریہ نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔ دورہ کی تنسیخ کے بارے میں راشٹرپتی بھون اور تلنگانہ حکومت سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر صدر جمہوریہ نے دورہ منسوخ کردیا۔ تلنگانہ حکومت اور مرکز کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال پیش نظر صدر جمہوریہ کے دورہ کی صورت میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے مرکز کے خلاف نمائندگی کا امکان تھا۔ ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے دورہ کو منسوخ کرنے کو ترجیح دی گئی ۔ تلنگانہ حکومت کے ذرائع کے مطابق راشٹرپتی بھون میں کوئی وجہ بتائے بغیر ہی دورہ کی منسوخی کی اطلاع دی۔ ایک اور ذرائع نے ملک میں کورونا میں اضافہ اور اومی کرون کیسوں کی بڑھتی تعداد کو دورہ کی منسوخی کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔ر