حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلگو فلم اداکار و قائد جن سینا پارٹی پون کلیان پڑوسی ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے! پون کلیان نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے آمادگی ظاہر کی تھی لیکن یہ واضح نہیں کیا گیاتھا کہ وہ کرناٹک میں انتخابی مہم میں شامل ہوں گے لیکن گذشتہ یوم رکن پارلیمنٹ بنگلورو تیجسوی سوریہ سے پون کلیان کی بات چیت اور کرناٹک کے ایسے اضلاع جہاں تلگو زبان بولنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے ان علاقوں میں بی جے پی کے لئے پون کلیان کی انتخابی مہم کو قطعیت دیئے جانے کی اطلاع ہے۔ذرائع کے مطابق پون کلیان کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور وہ بیدر ‘ گلبرگہ‘ رائچور کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں دو مرحلوں میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے پون کلیان سے مشاورت کے بعد ان کے انتخابی مہم کے منصوبہ کو قطعیت دینے کا عمل شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ پون کلیان کرناٹک کے سرحدی اضلاع میں انتخابی ریالیوں میں شرکت کرنے کے علاوہ بعض امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے بھی مخاطب کریں گے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات جو کہ 10مئی کو منعقد ہونے جار ہے ہیں ان انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی ممکنہ حد تک کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لئے وہ ہر حربہ اختیار کر رہی ہے کیونکہ انتخابات سے قبل منظر عام پر آنے والے تمام اگزٹ پولس میں بی جے پی کی کامیابی کو غیر یقینی ظاہر کیا گیا تھا اور بی جے پی میں پڑنے والی پھوٹ کے بعد کرناٹک میں اقتدار کا حصول بی جے پی کے لئے مشکل ہے لیکن اس کے باوجود بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے اسی لئے تلگو فلم اداکار و آندھرائی سیاسی جماعت جناسینا پارٹی کے قائد پون کلیان کی خدمات بھی انتخابی مہم کے دوران حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔