ہند ۔ امریکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے نئے صدر کا منصوبہ ، فیملی ایمیگریشن کی بھی حمایت
واشنگٹن : امریکہ کے منتخب صدر جوبائیڈن تقریباً 11 ملین غیردستاویزات والے ایمیگرینٹس کیلئے امریکی شہریت فراہم کرنے کا ایک روڈ میاپ تیار کرنے پر کام کریں گے ۔ جوبائیڈن ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 لاکھ شہریوں کو بھی امریکی شہریت عطا کریں گے ۔ سالانہ 95 ہزار پناہ گزینوں کو بھی امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی ۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کے ساتھ بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم چلائی تھی اور ویزا پالیسی کے بارے میں واضح اعلان کیا تھا ۔ وہ بہت جلد امریکی کانگریس کے ساتھ ملکر لیجسلیٹو ایمیگریشن اصلاحات میں پیشرفت کریں گے ۔ امریکہ کے ویزا سسٹم کو عصری بنایا جائے گا ۔ بچھڑے ہوئے خاندانوں کو ایک دوسرے سے ملانے اور تقریباً 11 ملین افراد کو شہریت دینے کی راہ ہموار کی جائے گی ۔ بائیڈن نظم و نسق کی جانب سے فیملی پر مبنی ایمیگریشن کی حمایت دی جائے گی ۔ سالانہ عالمی پناہ گزینوں کو داخل کرنے کی اجازت کا نشانہ 1,25,000 ہے ۔ جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا ۔ بائیڈن کی پالیسی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یہ ہماری ذمہ داری اور ہمارے اقدار کے عین مطابق ہوگا کہ ہم عالمی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے آگے آئیں ۔