صدر سری لنکا کا 29 نومبر کو دورہ ہند : جئے شنکر

   

کولمبو 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹابایا راجا پکشے 29 نومبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کرینگے ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے آج یہ بات بتائی ۔ جئے شنکر نے راجا پکشا سے کولمبو میں ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا ۔ راجا پکشا نے پیر کو سری لنکا کے نئے صدر کی حیثیت سے حلف لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر سری لنکا سے ملاقات میں انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی کا پیام پہونچایا ہے جو دونوںملکوں کے مابین مشترکہ امن ‘ خوشحالی ‘ ترقی اور سکیوریٹی سے متعلق تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ راجا پکشا کی قیادت میں ہندوستان اور سری لنکا کے تعلقات مزید بلندیوں تک پہونچیں گے ۔ انہوں نے راجا پکشا سے ملاقات کے بعد ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ راجا پکشا کو سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ان نتائج کا اتوار کو اعلان کیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے نتائج کے بعد راجا پکشا کو اتوار کو فون کرتے ہوئے ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی اور انہوں نے انہیں ہندوستان کے سرکاری دورہ کی دعوت بھی دی تھی ۔ راجا پکشا سری لنکا کے صدر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد پہلے بیرونی دورہ پر ہندوستان آئیں گے جہاں وہ مودی سے باہمی تعلقات پر بات چیت کرینگے ۔