صدر مدرس کے جانبدارانہ رویہ سے اردو طلبہ کا نقصان

   

مدھو ملنچہ گورنمنٹ اسکول میں اردو اساتذہ کے تقررات کا مطالبہ، جمعیۃ العلماء کی کلکٹر سے نمائندگی

نظام آباد۔ 30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ علماء ہند ضلع نظام آباد کے وفد نے حضرت مولانا سید سمیع اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کی سرپرستی میں ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ نظام آباد سے ملاقات کرتے ہوئے مدھوملنچہ گورنمنٹ ہائی اسکول شکر نگر بودھن میں پہلی زبان اُردو کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے داخلے شروع کرنے اور موجودہ مسلم طلبہ کے لئے اُردو ٹیچر کے تقررکرنے سے متعلق تفصیلی یادداشت پیش کی۔ ضلع کلکٹر متعلقہ عہدیدار DEO سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ مذکورہ اسکول میںاردو پہلی زبان تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے داخلوںمیں ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سہولیات بہم پہنچائیں ۔ اس کے علاوہ ہائی اسکول میں فوری اردو ٹیچر کی فراہمی سے متعلق بھی دریافت کیا۔ مدھوملنچہ گورنمنٹ ہائی اسکول شکر نگر بودھن کے ہیڈ ماسٹر کے مخالف اردو رویہ کے نتیجہ میں تعلیمی سال کے شروع میں نہ صرف اردو بحیثیت فرسٹ لینگویج پڑھنے سے محروم کردیاگیا بلکہ متعلقہ اردو ٹیچر کابھی دوسری جگہ تبادلہ کردیاگیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ مذکورہ علاقہ میں تعلیم حاصل کرنے والے 95%طلباء ایسے ہیں جو اردو کو بذریعہ فرسٹ لینگویج پڑھنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہیڈماسٹر کے جانبدارانہ رویہ سے طلباء و طالبات کو شدید نقصانات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔لہٰذا جمعیۃ علماء ہند ضلع نظام آباد کے ذمہ داروں کو جب اس سلسلہ میں معاملہ کی اطلاع ہوئی تو وہ فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے متعلقہ عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے معاملہ کی یکسوئی سے متعلق یادداشت پیش کی۔ مولاناسید سمیع اللہ قاسمی نے طاہر بن حمدان صدر اردو اکیڈیمی تلنگانہ سے فون پررابطہ کرتے ہوئے انہیں اردو ٹیچر کی بحالی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرنے پر انہوںنے اردو ٹیچر کے فوری تقرر اور ازخود متعلقہ اسکول کا دورہ ومعائنہ کرنے کی حامی بھری۔ مولانا نے بتایاکہ متعلقہ مسئلہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں جمعیۃ کا ایک وفد عنقریب محمدعلی شبیر مشیر حکومت تلنگانہ سے ملاقات کرے گا۔ اس موقع پر وفد میں حافظ محمدافسر مظہری بودھن، حافظ محمدعقیل الدین انجینئربودھن، سید معراج شکرنگر، حافظ عبدالولی مظہری ، حافظ محمدابراہیم اشاعتی ودیگر موجود تھے۔