نئی دہلی: ملک کی تینوں افواج کی سپریم کمانڈر، صدرجمہوریہ دروپدی مرمو جمعرات کے روز مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر سوار ہوکر سمندر میں ہندوستانی بحریہ کے مختلف ‘آپریشنز’ کا مشاہدہ کریں گی۔بحریہ کے ایک ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی آئی این ایس ہنسا (گوا میں نیول ایئر اسٹیشن) پر صدر جمہوریہ کا استقبال کریں گے اور 150 اہلکاروں کا گارڈ آف آنر پیش کریں گے ۔ اس کے فوراً بعد صدر دروپدی مرمو گوا کے ساحل سے دیسی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر سوار ہوں گی۔یہ صدر دروپدی مرمو کا مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت پر سوار ہونے کا پہلا دورہ ہے جس میں کثیر شعبہ جاتی بحری کارروائیوں کی پوری رینج کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ ان کارروائیوں میں ’سرفیس شپ آپریشنز‘ جنگی کارروائیاں، آبدوز کی مشقیں، فضائی طاقت کے مظاہرے بشمول ڈیک پر مبنی جنگی طیارے ، ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ٹیک آف اور لینڈنگ اور بحری جہاز کے فلائی پاسٹ کے نظارے شامل ہیں۔