کراکس ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وہ شریک نہیں ہوں گے۔ سوشلسٹ پارٹی کے نوجوان ارکان جو اس وقت کافی خوش نظر آرہے تھے، کے سامنے جمعرات کو مادورو نے البتہ یہ وضاحت بھی پیش کی کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نائب صدر اور وزیرخارجہ ان کی (مادورو) نمائندگی کریں گے۔ یاد رہیکہ ونیزویلا میں گذشتہ ایک سال سے حالات انتشار کا شکار ہیں اور مادورو کو اس وقت سخت آزمائشی دور سے گزرنا پڑرہا ہے۔ اپوزیشن قائد جوان گائیڈو اب تک مادورو کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں حالانکہ انہیں (گائیڈو) امریکہ اور دیگر 50 ممالک کی تائید بھی حاصل ہے۔
