نئی دہلی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج ملک کی پروگریسیو فورس پر زور دیا کہ وہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ ہندوستان کے خلاف احتجاج کرے۔ 24 اور 25 فروری کو ہونے والے اس دورہ کی مخالفت کرتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے تمام پارٹی یونٹس پر زور دیا کہ وہ سیول سوسائٹی گروپ کو لے کر دیگر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ متحدہ احتجاج کریں۔ صدر امریکہ 24 فروری کو احمدآباد پہونچ رہے ہیں اور دوسرے دن نئی دہلی پہونچیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ تشویش کی بات ہے کہ حکومت ہند اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی پر چلنے کے بجائے امریکہ کی سامراجی طاقت کے دباؤ میں آگیا ہے جو مسلسل ساری دنیا پر اپنی ظلم زیادتیوں والی پالیسیاں مسلط کررہا ہے۔ کیوبا، فلسطین، ایران اور دیگر ممالک اس کے ظلم کا شکار ہیں۔