صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ چنا ریڈی کی ملاقات

   

راجیہ سبھا کی رکنیت کا وعدہ یاد دلایا، ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات چیت
حیدرآباد ۔20 ۔ فروری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے آج نئی دہلی میں صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ چنا ریڈی نے صدر کانگریس کو ہائی کمان کے وعدہ کی یاد دلائی جس میں انہیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کا تیقن دیا گیا تھا۔ نئی دہلی کے اندرا بھون میں ہوئی اس ملاقات کے دوران ڈاکٹر چنا ریڈی نے ان کی تحریر کردہ بعض کتابیں پیش کیں اور ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں پنچایت راج چناؤ میں کانگریس کو سرپنچوں کی 70 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جبکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں 90 فیصد نشستوں پر کانگریس کامیاب رہی۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے مجوزہ انتخابات میں بھی کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔ ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ میں پارٹی قائدین اور عوامی نمائندوں کی متحدہ مساعی کو سراہا ۔ 2023 میں اسمبلی انتخابات کے موقع پر ونپرتی اسمبلی حلقہ سے ڈاکٹر چنا ریڈی کو پارٹی نے بی فارم حوالے کیا تھا۔ بعد میں انہیں اس تیقن کے ساتھ بی فارم واپس کرنے کی ترغیب دی گئی کہ انہیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے ملکارجن کھرگے کو ہائی کمان کے وعدہ کی یاد لائی ۔ انہوں نے پارٹی صدر سے خواہش کی کہ وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے آئندہ ماہ پنچایت راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے چناؤ میں انہیں پارٹی امیدوار بنایا جائے ۔ 1