صدرنشین بلدیہ کاماریڈی کے انتخاب پرعدالت میں مقدمہ درج

   

کاماریڈی: 4؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی بلدیہ کی صدر نشین اور وارڈ نمبر 38 کی رکن بلدیہ وامارانی کے انتخاب کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے ان کی سیاسی حریف مادھوی نے ضلع عدالت میں انتخابی عذر داری داخل کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہونے والی اومارانی نے ریاستی انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اور محض تین ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی لہٰذا ان کا انتخاب کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے عذر داری کو قبول کرتے ہوئے مقدمہ نمبر ELEC. OP 1 OF 2026 کے تحت سماعت کے لیے درج کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع کے پرنسپل جج پرساد نے مقدمہ کی سماعت قبول کر لی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد بلدیہ حلقوں میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی ہو گئی ہے درخواست گزار کا تعلق کانگریس سے بتایا جاتا ہے اور انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں ہوئیں جس کے نتیجہ میں کامیابی کا فرق معمولی رہا۔قانونی ماہرین کے مطابق اگر عدالت کی جانب سے کونسلر کے انتخاب کو منسوخ کرنے کا فیصلہ صادر ہوتا ہے تو بلدیہ کی صدارت بھی متاثر ہو سکتی ہے، کیونکہ چیئرپرسن کا عہدہ اسی رکنیت پر منحصر ہے۔ اس مقدمہ نے کاماریڈی ضلع مرکز میں سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے اور بلدیہ چیئرپرسن کے خلاف عدالت میں زیر سماعت یہ معاملہ عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔