صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی کی جانب سے موسمبی کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic

اسمبلی کے احاطہ میں ملازمین اور صحافیوں کو کٹس حوالے
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے آج اسمبلی کے ملازمین اور صحافیوں میں وٹامن سی کے حامل موسمبی تقسیم کی۔ سکھیندر ریڈی نے نلگنڈہ سے موسمبی کے پیکیٹس اسمبلی روانہ کئے جہاں سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریولو کی نگرانی میں تقسیم عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نلگنڈہ میں لاک ڈائون کے متاثرین میں امداد کے کاموں میں مصروف ہیں۔ لہٰذا سکریٹری لیجسلیچر کو یہ ذمہ داری دی گئی۔ انہوںنے کہا کہ کورونا سے بچائو کے لیے موسمبی اور لیمبو کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ لیمبو اور موسمبی کا زیادہ استعمال کرتے ہوئے وائرس سے بچنے کی کوشش کریں۔ چیف منسٹر کی اپیل کو دیکھتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے اپنے ذاتی خرچ سے موسمبی اسمبلی اور کونسل کے ملازمین اور صحافیوں کے لیے بطور تحفہ روانہ کی ہے۔ لاک ڈائون کے نتیجہ میں اسٹاف کی کمی کو دیکھتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے خود شخصی طور پر موسمبی کی پیاکنگ کی۔ پولیس سے اجازت حاصل کرتے ہوئے گاڑیوں کو اسمبلی روانہ کیا گیا۔ بعد میں اسمبلی سکریٹری نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین کونسل سے اظہار تشکر کیا۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ بہت جلد کورونا سے پاک ہوجائے گا اور عوام کو لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کرنی چاہئے۔