ریونت ریڈی کا الزام، حضورآباد الیکشن میں کامیابی کی فکر
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر سے سوال کیاکہ فلاحی اسکیمات کا صرف الیکشن والے اضلاع میں آغاز کیا معنی رکھتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دلتوں کی بھلائی کے لئے حضورآباد سے دلت بندھو اسکیم کے آغاز کا فیصلہ سیاسی مقصد براری پر مبنی ہے۔ ریاست کے 118 دیگر اسمبلی حلقہ جات میں دلتوں کی فکر کیوں نہیں؟ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ دلتوں کو نئی اسکیم کے ذریعہ گمراہ کیا جارہا ہے اور الیکشن کے بعد اسکیم کو فراموش کردیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کو اِس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ ریاست بھر میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کے لئے فنڈس کہاں سے میسر ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق میں دوباک اور ناگر جنا ساگر ضمنی انتخابات کے موقع پر چیف منسٹر نے اسی طرح کی اسکیمات کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا تھا۔ جس حلقہ میں انتخابات ہوتے ہیں، چیف منسٹر وہاں کے لئے کئی اسکیمات کا اعلان کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی 9 اگسٹ تا 17 ستمبر ریاست بھر میں دلت دنڈورا کے عنوان سے پروگرام منعقد کرے گی اور دلتوں کو حکومت کی ناکامیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے دلت باشعور ہوچکے ہیں اور وہ کے سی آر کے دھوکے میں آنے والے نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ناقابل عمل اسکیمات کے اعلان میں مہارت رکھتے ہیں۔ سماج کے مختلف طبقات کے لئے کے سی آر نے گزشتہ 7 برسوں میں کئی وعدے کئے تھے جن میں سے ایک پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے آج سکندرآباد کی اجین مہانکالی مندر میں خصوصی پوجا کی اور عوام سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر مقامی عوام اور کانگریس کارکنوں کی جانب سے ریونت ریڈی کو تہنیت پیش کی گئی۔ پارٹی کے ورکنگ پریسڈنٹ انجن کمار یادو، ملو روی، انیل کمار یادو اور دوسرے اِس موقع پر موجود تھے۔
