بھوپال : مدھیہ پردیش کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سدھیر سکسینہ نے کہا کہ صرف محنت، سچائی اور متوازن طرز عمل سے ہی مثالی پولیس افسر بن سکیں گے ۔ سکسینہ نے آج پولیس ہیڈ کوارٹر بھوپال میں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی، حیدرآباد سے مدھیہ پردیش آئے ٹرینی آئی پی ایس افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ آپ سنجیدگی، پیشہ وارانہ استعداد، سخت محنت، ایمانداری، متوازن طرز عمل اور اچھے اخلاق سے ہی ایک مثالی پولیس آفیسر بن سکتے ہیں۔ انڈین پولیس سروس کے 19 افسران اور دو دیگر ممالک کے پولیس افسران کی ایک ٹیم ہندستان درشن کے دوران مدھیہ پردیش کے دورے پر ہے ۔ ٹیم میں مالدیپ پولیس سروس کا ایک افسر اور ماریشس پولیس سروس کا ایک افسر بھی شامل تھا۔ڈی جی پی مسٹر سکسینہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس نے نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک میں سنگین چیلنجوں کو حل کرنے میں کئی شاندار کام انجام دیے ہیں۔ انہیں مدھیہ پردیش میں ڈاکوؤں کے مسئلے کا خاتمہ، سماج دشمن اور ملک دشمن تنظیموں کے خلاف مسلسل موثر کارروائی، نکسلائٹ مسئلہ کے حل اور خواتین کی حفاظت کیلئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔