نظام آباد: 18/ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد شہر کے زون II علاقہ، 24ویں ڈیویژن میں صفائی کے دوران ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا۔ معمول کے مطابق صفائی کا کام انجام دے رہے صفائی ملازمین امام اور جوان کمار کو کچرا لوڈ کرتے وقت دو تولے کی سونے کی چین ملی جس کی مالیت تقریباً 2 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ جس کے بعد انہوں نے اس بارے میں مونسپل کمشنر کو واقف کروایا جس پر تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ یہ سونے کی چین گایتری نگر کی پدما گوڑ کی ہے۔ تصدیق کے بعد امام اور جوان کمار نے بلا کسی لالچ کے بغیر مذکورہ سونے کی چین کو اصل مالکہ کے حوالے کر دیا جس پر پدم گوڈ نے ان سے اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر کمشنر مسٹر دلیپ کمارنے امام اور جوان کمار کی دیانتداری کی ستائش کرتے ہوئے ان کو تہنیت پیش کی گئی ۔عوام نے بھی ان کی دیانتداری کی مثال پیش کرتے ہوئے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی عملہ صرف شہر کو صاف رکھنے تک محدود نہیں بلکہ یہ اپنے فرض کے ساتھ دیانتداری اور انسانیت کی اعلیٰ مثالیں بھی قائم کر رہے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے محنتی اور بااخلاق ملازمین کی قدر کریں اور انہیں معمولی نہ سمجھیں۔ یہ واقعہ نہ صرف ایمانداری کی ایک روشن مثال ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ عام ملازمین بھی اگر چاہیں تو معاشرے میں بھروسے اور انسانیت کا پیغام عام کر سکتے ہیں۔