صیہونی حکومت مسلم ممالک کو تقسیم اور کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے :پزشکیان

   

تہران15جولائی (یو این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک۔ایران تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈان نیوز کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت کو کبھی نہیں بھول سکتے ، صہیونی حکومت مسلم ممالک کے درمیان تقسیم اور کمزوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے ، اگر مسلم ممالک اسلامی اتحاد کی اہمیت کو سمجھ جائیں تو صہیونی حکومت کے خلاف متحد محاذ قائم کیا جاسکتا ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں عظیم فتح پر مبارکباد پیش کی، محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی دانشمندانہ قیادت اور بہترین حکمت عملی نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا جو امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی ہر فورم پر مذمت کی، پاکستانی پارلیمنٹ نے سب سے پہلے مذمتی قرارداد منظور کی اور ایران کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کی۔محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر کو نیک خواہشات اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔ایرانی صدر نے پاک-ایران دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کے فروغ کے لیے سفارتی تبادلوں اور تعمیری مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے جنگ کے دوران پاکستان کی مخلصانہ حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔