ضامن روزگار اسکیم کے بجٹ میں کٹوتی ، مزدوروں کی زندگی سے کھلواڑ

   

کاماریڈی میں کانگریس کی جانب سے احتجاجی ریالی و دھرنا، مرکزی حکومت کا پتلہ نذرِ آتش، مختلف قائدین کا خطاب

کاماریڈی :3؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت بی جے پی کی جانب سے کل پیش کردہ بجٹ میں روزگار گارنٹی اسکیم کے فنڈز میں کمی کیخلاف آج کاماریڈی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کا پتلہ نذرآتش کیا گیا۔ سابق وزیر و سینئر قائد کانگریس محمد علی شبیر کی ہدایت پر آج کانگریس قائدین کی جانب سے نائب صدر ضلع کانگریس کاماریڈی چندر کانت ریڈی کی قیادت میں بڑے پیمانے پر ریالی نکالتے ہوئے نظام ساگر چوراستہ پر دھرنا منظم کیا گیا۔ کل پارلیمنٹ میں بی جے پی حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں کانگریس کے دور حکومت میں ایک لاکھ کروڑ سے شروع ہونے والی اس اسکیم کے لیے صرف 60 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ان قائد ین نے کہا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم کو سونیا گاندھی نے اس وقت شروع کیا جب کانگریس پارٹی اقتدار میں تھی۔کانگریس حکومت نے دیہی علاقوں کے غریب لوگوں کو سال میں سو دن روزگار فراہم کرنے کے لیے روزگار گارنٹی اسکیم لائی اور ان کی زندگیوں میں روشنی ڈالی۔جب بی جے پی اقتدار میں آئی تو وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سازش کے ساتھ اسکیم کو کمزور کرنا شروع کر دیا کہ کانگریس پارٹی روزگار گارنٹی اسکیم کے ذریعے غریب لوگوں کے دلوں میں گھر کر لے گی۔نائب صدر ضلع کانگریس کاماریڈی چندر کانت ریڈی و دیگر کانگریس نے کہا کہ بی جے پی حکومت پچھلے چار سالوں سے بجٹ میں کٹوتی کررہی ہے۔بی جے پی حکومت نے روزگار کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی سازش کی ہے اور معصوم مزدوروں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ اس احتجاجی پروگرام میں اربن کانگریس اور یوتھ کانگریس کے صدور، فائٹو راجو گڈو گلا سرینواس کاماریڈی حلقہ یوتھ کانگریس کے صدور ایرانی سندیپ، ضلع ایس ٹی سیل کے صدور نوسی لال، بی بی پیٹ، راجامپیٹ، راما ریڈی، منڈل کانگریس کے صدور ستاری رمیش، یادو ریڈی، نرسا گوڑ،سینئر کانگریس ،کانگریس پارٹی کے قائدین کارنگولا اشوک ریڈی، بیکنور کشن سیل کے صدور کنتا لنگاریڈی، لکا پتنی گنگادھر، ضلع ایس سی سیل کے صدور بگننا، ضلع کانگریس جنرل سکریٹری بھوما گوڑ، کونسلرس پاتھا شیوا کرشنامورتی، سید انور احمد، بلاک کانگریس صدور سرینواس، سرپنچ آنند راؤ، راجو،کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈران پامپاری، لکشمن، بھومنی بلراج، راجہ گوڑ، نرسا گوڈ، اتھک، اعجاز، مزار، ایلمپیتا سوامی، کماریا اور دیگر نے شرکت کی۔