ضعیف خاتون کی موت پر رشتہ دار بھی آخری دیدار کو نہیں پہونچے

,

   

کورونا سے متاثر بیٹے نے پی پی ای کٹس پہن کر نعش کو جے سی بی کے ذریعہ شمشان گھاٹ منتقل کیا
حیدرآباد :۔ کورونا کے خوف سے رشتوں کی دوری کا ایک اور واقعہ ضلع نظام آباد کے آرمور میں پیش آیا ۔ بیٹے کے کورونا سے متاثر ہونے پر اس کی 60 سالہ ضعیف ماں کی موت پر کورونا کی موت ہونے کے ڈر سے کوئی بھی ضعیف خاتون کا آخری دیدار کرنے بھی گھر نہیں پہونچے اور نا ہی آخری رسومات کی کسی نے ذمہ داری قبول کی ہے ۔ ایسے میں کورونا سے متاثر بیٹے نے پی پی ای کٹس پہن کر اپنی ماں کی نعش کو گود میں اٹھاکر جے سی بی میں رکھا اور جے سی بی کی مدد سے ماں کی نعش کو شمشان گھاٹ پہونچایا اور آخری رسومات انجام دی ۔ جب بیٹے کی جانب سے ماں کی نعش کو اٹھا کر جے سی بی تک پہونچنے کی تصویر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سبھی نے اس منظر پر آہ بھری اور ہمدردی کے دو بول تحریر کردئیے مگر کسی نے کورونا سے متاثر اس شخص کی ماں کی آخری رسومات میں مدد نہیں کی ۔ اس متاثرہ شخص کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا ہے اس سے ساری انسانیت شرمسار ہوئی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں ایسے واقعات مسلسل پیش آرہے ہیں ۔ جب بھی ایسی خبریں منظر عام پر آتی ہیں سب صرف زبانی ہمدردی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ کورونا نے انسانی ہمدردی اور خونی رشتوں میں کافی دوریاں پیدا کردیں ۔ ایسے واقعات اس کی زندہ مثال ہے ۔۔