کاماریڈی: 16؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش چندرا نے کے رات کے دورانِ ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کے ساتھ غیر معمولی انسانیت اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود اپنے ہاتھوں سے انہیں گرم چائے اور پانی کی بوتلیں فراہم کی جس پر پولیس حلقوں میں ان کے اس احساس کی بھرپور ستائش کی جارہی ہے۔سردی کے موسم میں خصوصاً رات کے اوقات میں فیلڈ پر ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ایس پی راجیش چندرا نے ایک بااخلاق منتظم کی حیثیت سے اپنے فرائض نبھاتے ہوئے مخلصانہ انسانی جذبہ بھی پیش کیا۔ تقریباً ڈیڑھ ہزار اہلکاروں کے ذرائع و فلاحی اُمور پر نگاہ رکھنے والے ضلع پولیس سربراہ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات دو بجے مختلف مقامات پر پہرہ دینے والے عملے کی خدمات کو قریب سے جائزہ لیا۔اطلاعات کے مطابق ایس پی نے رات دیر گئے اپنی رہائش گاہ پر خصوصی طور پر چائے تیار کروائی اور پھر سرسلہ روڈ، راماریدی روڈ اور ایللاریڈی روڈ کے حدود میں ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں تک پہنچ کر اپنے ہاتھوں سے چائے اور پانی کی بوتلیں تقسیم کیں۔ ان غیر متوقع مگر نہایت مثبت اقدامات نے ڈیوٹی پر مامور اسٹاف کو حوصلہ بخشا اور انہیں اپنے اعلیٰ افسر کی جانب سے حقیقی معنوں میں قدردانی کا احساس دلایا۔ پولیس ملازمین نے بتایا کہ عام طور پر نصف شب یا علی الصبح کے اوقات میں چائے، کافی یا پانی جیسی بنیادی سہولتیں بھی میسر آنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے میں ضلع ایس پی کی جانب سے خود پہنچ کر ان کا حوصلہ بڑھانا ایک قابلِ تقلید جذبہ ہے۔ پولیس محکمہ کے حلقوں کے علاوہ عوامی سطح پر بھی اس اقدام کو زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور اسے پولیس فورس میں نئی توانائی اور بہترین نظم و ضبط کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا جارہا ہے۔پولیس اہلکاروں نے ایس پی راجیش چندرا کے اس اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مشکل ترین اوقات میں بھی اپنے عملے کے احساسِ ذمہ داری اور فلاح کا خیال رکھا۔