22,905 روپئے جرمانہ ، عام شہریوں اور اعلیٰ عہدیداروں پر فرق پر عوام میں ناراضگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ عام گاڑیوں پر ایک سے زائد چالانات ہونے پر پولیس کی جانب سے گاڑی کو ضبط کرلیا جاتا ہے ۔ کتنی بھی منت سماجت کرلیں پولیس رولس ، رولس کہتی ہے اور کسی سے کوئی رعایت یا مروت نہیں کی جاتی ۔ ضلع جنگاؤں کے کلکٹر کی سرکاری گاڑی پر ایک نہیں دو نہیں جملہ 23 چالانات زیر التواء ہیں ۔ جس کے جرمانہ کی رقم 22,905 روپئے ہے ۔ لیکن پولیس کی اس گاڑی پر ابھی تک نظر نہیں پڑی ہے نہ ہی گاڑی کو ضبط کیا گیا ہے اور نہ ہی جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔ جس سے عوام میں پولیس کے تعلق سے غلط پیغام پہونچ رہا ہے اور پولیس پر عام شہریوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے معاملے میں جانبداری سے کام لینے کے الزامات عائد ہورہے ہیں ۔ گذشتہ سال 24 فروری سے جاریہ سال 30 اگست تک ضلع جنگاؤں کے کلکٹر کی سرکاری گاڑی پر زیادہ تیز گاڑی چلانے اور زیبرا لائن کراس کرنے کے علاوہ دوسرے بے قاعدگیوں پر چالانات عائد کئے گئے ہیں ۔ اس طرح کلکٹر کی سرکاری گاڑی پر 23 چالانات زیر التواء ہیں جیسے ہی یہ اطلاع منظر عام پر آئی سوشیل میڈیا میں پولیس کے رول پر سوالیہ نشان اُٹھ رہے ہیں ۔۔ N