ضلع رنگاریڈی میں کار شعلہ پوش

   

حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی ، کڑتال منڈل کے موضع چریکونڈہ ۔ پلے چلیکا گھاٹ روڈ پر اچانک ایک کار کے شعلہ پوش ہوکر جل کر خاکستر ہوجانے کا واقعہ پیش آیا۔ کار میں سفر کرنے والے افراد اپنی جان بچالینے میں کامیاب ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چریکونڈہ موضع سے تعلق رکھنے والا این مہیش اپنے رشتہ داروں بی شیوا اور سائیلو کے ساتھ شہر حیدرآباد کے سرور نگر میں مقیم ہے۔ چار دن قبل یہ افراد نے مہیش کے ہمراہ آبائی موضع چریکونڈہ میں منعقدہ شادی کی تقریب میں شرکت کی اور گزشتہ دن حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ اچانک درمیانی راستہ چریکونڈہ۔ پلے چلیکا گھاٹ روڈ پر کار میں آگ لگ گئی جس پر گاڑی چلانے والے این مہیش نے کار سے اُتر کر انجن کا بانٹ اُٹھاکر دیکھنے پر مکمل دھواں اُٹھنا شروع ہوگیا اور اچانک آگ کے شعلے بھڑک اُٹھے۔ اس کے فوری بعد کار میں بیٹھے ہوئے دیگر دو افراد کو کار سے اُترنے کا مہیش نے مشورہ دیا ۔ دو افراد کے کار سے اُترنے کے ساتھ ہی کار مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے کار جلکر مکمل خاکستر ہوگئی۔ اس واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے مقام واقعہ پہنچ کر پیش آئے واقعہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور سمجھا جارہا ہے کہ محض کار کے انجن میں پائی جانے والی وائرنگ کے شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے کار کو آگ لگ گئی۔