ضلع سدی پیٹ کے چار حلقوں میں سے 3 پر بی آر ایس کامیاب

   

ll کے سی آر گجویل، ہریش راؤ سدی پیٹ اور دوباک سے کے پربھاکر ریڈی کو جیت
ll ایک حلقہ حسن آباد سے کانگریس امیدوار پونم پربھاکر کامیاب

سدی پیٹ۔ 3 ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ ضلع کے اسمبلی حلقہ جات سدی پیٹ، گجویل، دوباک، حسن آباد ہیں۔ سدی پیٹ ضلع کے تحت حلقہ جاتی گنتی کیلئے اندور کالج میں گنتی کا مرکز مقرر کیا گیا۔ حلقہ اسمبلی سدی پیٹ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 233733 ہے جسمیں 178420 افراد نے حق رائے دہندگی سے استفادہ کیا۔ حلقہ اسمبلی گجویل میں جملہ 274654 رائے دہندگان میں 231086 رائے دہندگان نے حصہ لیا۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں جملہ 198100 رائے دہندگان ہیں جنمیں سے 173366 رائے دہندگان نے ووٹ کا استعمال کیا۔ حلقہ اسمبلی حسن آباد میں رائے دہندگان کی تعداد 242177 ہے جسمیں سے 204999 افراد نے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کیا۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے گنتی کے ابتدائی راؤنڈ سے ہی دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل کی جو آخر تک برقرار رہی۔ انھوں نے جملہ 104109 ووٹ حاصل کئے 81620 اکثریت سے کامیابی حاصل کئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار دودی سریکانت نے 22489 ووٹ حاصل کئے۔ کانگریس امیدوار پوجالا ہری کرشنا نے ووٹ22332 حاصل کئے۔ بہوجن سماج وادی پارٹی کے امیدوار چکرادھر گوڈ نے 16314 ووٹ حاصل کئے۔نوٹا کے تحت 1260 حاصل ہوئے۔ بی آر ایس نے سدی پیٹ ضلع کے منجملہ چار حلقہ جات میں تین حلقوں میں اپنی کامیابی کا جھنڈا لہرایا۔ حلقہ اسمبلی گجویل سے مسٹر کلواکنٹلہ چندرشیکھر راؤ نے جملہ 11118 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی کامیابی درج کروائی، بی جے پی امیدوار ایٹالا راجندر نے 65845 ووٹ حاصل کئے جبکہ کانگریس امیدوار ٹی نرسا ریڈی نے 32289 ووٹ حاصل کئے۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں بی جے پی کی نشست چھین کر بی آر ایس امیدوار کوتتہ پربھاکر ریڈی نے بھاری اکثریت سے اپنی فتح کا جھنڈا لہرایا 97451 ووٹ حاصل کئے۔ حلقہ اسمبلی حسن آباد میں کانگریس امیدوار پونم پربھاکر نے بی آر ایس امیدوار وی ستیش کمار کے مقابل زبردست فتح رقم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلئے۔ کانگریس امیدوار پونم پربھاکر نے 99769 ووٹ حاصل کئے۔ سابق میں بھی ٹی ہریش راؤ نے تمام امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کروائی تھیں۔