ضلع عادل آباد میں نکسلائیٹس کی سرگرمیاں

   

Ferty9 Clinic

ٹی آرایس قائدین کی نقل و حرکت پر گہری نظر، پولیس کی چوکسی
حیدرآباد۔تلنگانہ کے ضلع عاد ل آباد میں نکسلائٹس ازسر نو اپنی طاقت کو اکٹھا کرنے لگے ہیں اور محکمہ پولیس نے ضلع میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور نکسلائٹس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات میں مصروف ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے محکمہ پولیس کو اس بات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ضلع عادل آباد میں نکسلائٹس کی سرگرمیاں دوبارہ دیکھی جانے لگی ہیں اور وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے قائدین کی سرگرمیوں پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔کمرم بھیم ۔ آصف آباد میں پولیس کی جانب سے نکسلائٹس کے ایک ہمدرد کی گرفتاری کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ شخص ماؤسٹ سرگرمیوں میں شامل افراد تک اشیائے خورد ونوش کی سربراہی کا کام انجام دے رہا تھا اور پولیس نے اس پر نظر رکھنے کے بعد حراست میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو اس بات کے واضح ثبوت دستیاب ہوئے ہیں کہ عاد ل آباد اور تلنگانہ کے سرحدی جنگلاتی علاقوں میں نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی انٹلیجنس نے محکمہ پولیس کو احتیاط اور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ضلع پولیس انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع میں پولیس کی جانب سے تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور دیہی علاقوں میں نئے آنے والوں پر نظر رکھی جا رہی ہے علاوہ ازیں شاہراہوں پربھی خصوصی تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔سال 2010 کے بعد سے ریاست کے اس علاقہ میں نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں کمی واقع ہوئی تھی اور اس کے بعد ایسی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی تھی کہ نکسلائٹس کی جانب سے دوبارہ عادل آباد کے جنگلات میں قدم جمانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اب جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق نکسلائٹس کی جانب سے اس علاقہ میں قدم جمانے کی کوشش کی جارہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر ان جنگلات میں نکسلائٹس کی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں تو ان کی تعداد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ سرحدی ضلع ہونے کے سبب پڑوسی ریاست میں موجود نکسلائٹس بھی سرحد عبور کرتے ہوئے یہاں جمع ہوسکتے ہیں۔