ضلع میں امن قائم رکھنے کنیز فاطمہ کی شہریان سے اپیل

   

الند شریف واقعہ پر گرفتار شدہ افراد کی رہائی کے لئے کوششیں جاری : رکن اسمبلی
گلبرگہ :ہم مسلسل درگاہ حضرت لاڈلے مشائخ انصاریؒ الند شریف کی کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، حالات قابو میں رکھنے اور ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے ہر وہ ضروری اقدام اُٹھا رہے ہیں جس سے امن قائم ہو۔ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی گلبرگہ شمال محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ نے کیا ہے وہ کل بنگلور سے سوشیل میڈیا کے ایک چیانل سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ نے کہا کہ وہ الند معاملہ کو لیکر قائد حزب مخالف راجیہ سبھاڈاکٹر ملیکارجن کھرگے سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور اُنہیں الند واقعہ کی پل پل کی خبر سے واقف کروارہے ہیں ،حالات کو سازگار بنانے کے لئے ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے نے آئی جی گلبرگہ ڈاکٹر وائی ایس روی کمارکے علاوہ ایس پی اور آر سی سے ٹیلیفون کے ذریعہ رابطہ کرتے ہوئے الند واقعہ پر تفصیلی بات چیت کی ہے ، اُنہوں نے کہا کہ اس طرح سے اتنے سارے لوگوں کو غیر ضروری گرفتار کرنا قطعی درست نہیں اس پر اُنہوں نے پولیس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ نے کہا کہ ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے نے الند تعلقہ کے 150سے زائد افراد کی گرفتاریوں پر محکمہ پولیس سے سوال کیا اور کہا کہ آپ قانون کے دائرہ میں رہ کر کارروائی کیجئے، جس طرح پولیس نے رات کے اندھیرے میں کارروائی کی اس پر اُنہوں نے پولیس سے پوچھا ہے کہ آپ کارروائی کو دن میں کیوں نہیں کرسکے، آخر کیا وجہ تھی کہ رات کے اندھیرے میں کارروائی کرنی پڑی۔ محترمہ کنیز فاطمہ نے الند ٹائون کے ساکنان اورشہریان گلبرگہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اعلیٰ قیادت پر بھروسہ رکھیں ، حالات کو معمول کے مطابق لانے کیلئے بھر پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ شہریان سے گذارش کی ہے کہ وہ امن وامان قائم رکھیں بہت جلدجتنے بھی لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے کہ اُنہیں رہا کروانے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔