بارش میں احتیاطی اقدامات کی عوام سے اپیل، ضلع کلکٹر و ایس پی کا خطاب
نارائن پیٹ۔ ضلع نارائن پیٹ کی تفصیلات سے متعلق اعداد و شمار کی ہینڈ بک 2021 کی کتاب اور پوسٹر کی رسم اجرائی تقریب، ضلع کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داسری، آئی اے ایس نے ضلع ایس پی مسٹر این وینکٹیشورلو کے ہمراہ اس دستاویزی کتاب اور پوسٹر کی رسم اجرائی انجام دی جس میں نارائن پیٹ ضلع کے سیاحتی مراکز، یہاں کی مشہور دستی و ریشمی ساڑیاں، موسم اور بارش کی تفصیلات، آبادی کی تفصیلات، زراعت اور فصل کی معلومات، تعلیم و طب، یہاں کی صنعتی تفصیلات جاننے کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔ ضلع میں چونکہ مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسان برادری، بارش کے دوران کھیتوں اور جنگلوں کو جانے سے گریزکریں۔ بارش کے دوران درختوں کے نیچے نہ ٹھہریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، ندیوں کے قریب بسنے والے آبادیوں کا تخلیہ کریں اور محفوظ مقامات اور اونچے مقامات چلے جائیں، اگر دوسرے مقامات پر اپنے عزیز و رشتہ دار ہوں تو چند دن کے لئے وہاں چلے جائیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو دنوں تک ضلع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر شریمتی پدمجارانی، سی پی آر گوند راجن، شریمتی سری دیوی و دیگر ضلع افسران موجود تھے۔