محبوب نگر :ضلع وقف تحفظ رابطہ کمیٹی خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ کی قیادت میں محمد عبدالرحمن صدرنشین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی محمد محسن خان ، محمد مقصود حسین ، عیسی عمودی ، حافظ ادریس ، ابرایہم قادری ، اکبر ، اعجاز ، مرزا و دیگر پر مشتمل وفد نے سروے نمبر 230 میں شامل وقف اراضی کا معائنہ کیا ۔ جہاں ناجائز قابضین کی جانب سے کاشت کی جارہی ہے۔ قائدین نے سخت اعتراض کیا اور بتایا کہ محبوب نگر کے عوام اس قبضہ پر سخت برہم ہیں ۔ اس اراضی سے متعلق مقدمہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے موثر پیروی نہ ہونے کی وجہ سے مخالف وکیل نے گیارہ ماہ قبل ہائی کورٹ سے اراضی پر پٹہ حاصل کرنے کیلئے احکامات جاری کرواچکے ہیں ۔ اس پر حکم التواء کیلئے تک وقف بورڈ نے درخواست داخل نہیں کی ۔ اگر صورتحال یوں ہی رہی تو ملت کو اس اراضی سے محروم ہونا بھی دور کی بات نہیں ۔ انور پاشاہ نے وقف بورڈ سے پرزور مطالبہ کیا کہ بلا تاخیر اقدامات کئے جائیں ورنہ احتجاج ضروری ہوجائے گا ۔