ضلع پریشد انتخابات کیلئے پارٹی کیڈر تیار ہوجائے : کے ٹی آر

   

Ferty9 Clinic

دیہی علاقوں سے کانگریس کا زوال، گرام پنچایت کے نتائج اہم ثبوت
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی کیڈر کو ضلع پریشد کے انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیا ہے۔ آج ضلع یادادری بھونگیر کے بی آر ایس پارٹی آفس میں منعقدہ نومنتخب سرپنچوں کے تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ دیہی علاقوں سے بی آر ایس کا دوبارہ احیاء ہوگیا ہے اور کانگریس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ مستقبل میں بی آر ایس کی بے مثال کامیابیوں کیلئے ضلع یادادری بھونگیر کی سرزمین نے کامیاب بنیاد رکھی ہے۔ گرام پنچایت کے انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کی شاندار کامیابی نے پارٹی کے کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال قبل منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی محض چند فیصد ووٹوں سے شکست کھا گئی مگر 2 سال بعد کانگریس حکومت عوامی تائید سے محروم ہوگئی۔ دیہی علاقوں سے کانگریس کے زوال کا آغاز ہوگیا۔ گرام پنچایت کے انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی اس کا ثبوت ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات میں کامیابی کیلئے کانگریس نے حکومت کے اختیارات کا بیجا استعمال کیا ہے۔ سرکاری مشنری کو استعمال کیا ہے۔ بی آر ایس کے قائدین اور کارکنوں پر حملے کئے ہیں باوجود اس کے بی آر ایس نے شاندار کامیابی درج کرتے ہوئے حکمران کانگریس کے تمام سیاسی حربوں کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت کے انتخابی نتائج سے کانگریس حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے۔ اس لئے اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں شکست سے بچنے کیلئے پارٹی سے انحراف کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کو بچانے کیلئے اسپیکر پر دباؤ ڈالتے ہوئے ان ارکان اسمبلی کا تحفظ کیا گیا ہے۔ تاہم بی آر ایس پارٹی اسپیکر اسمبلی کے فیصلوں کو عدلیہ میں چیلنج کرے گی اور انہیں یقین ہے حق کی کامیابی ہوگی۔2