ضلع پریشداسکول میں ناقص صفائی پرکلکٹرکی برہمی

   

دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا معائنہ ‘بچوںکو سہولیات فراہم کرنے عہدیداروںکوہدایت
سدی پیٹ ۔6نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کلکٹر ضلع سدی پیٹ محترمہ کے۔ ہیماوتی نے ککنور پلی منڈل کے مرکز میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول میں دوپہر کے کھانے (مڈ ڈے میل) کے عمل کا معائنہ کیا۔کلکٹر نے کچن میں جاکر کھانے کی اشیاء کا معائنہ کیا۔ باورچیوں نے بتایا کہ مینو کے مطابق آلو ٹماٹر دال اور بریانی چاول تیار کیے گئے ہیں۔ کلکٹر نے کھانے کی کوالٹی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ بریانی اور سالن کے معیار کو بہتر بنائیں اور بچوں کے لیے مزیدار طریقے سے پکائیں۔انہوں نے ھیڈ ماسٹر کو ہدایت دی کہ طلبہ کی حاضری کے مطابق چاول اور دیگر راشن فراہم کریں اور پکاو عمل کی باقاعدہ جانچ کریں۔ اسکول کے اندر صفائی ستھرائی کی کمی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورانڈے اور میدان میں صفائی برقرار رکھنی چاہیے۔ کلکٹر نے اسکول کی عدم صفائی پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے فون پر ڈی ای او کو احکامات دیے کہ ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔بعد ازاں، کلکٹر نے کونڈاپاک منڈل کے تھماریڈی پلی میں واقع منڈل پریشد پرائمری اسکول اور ضلع پریشد ہائی اسکول کا اچانک دورہ کیا اور دوپہر کے کھانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ باورچیوں نے بتایا کہ بریانی اور آلو ٹماٹر سالن تیار کیا گیا ہے۔ کلکٹر نے ھیڈ ماسٹر کو ہدایت دی کہ طلبہ کی حاضری کے مطابق راشن فراہم کریں اور کھانے کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کریں۔کلکٹر نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم و خوراک میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے طلبہ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا چکھا اور نصیحت کی کہ چاول اور سالن ضائع نہ کریں، کیونکہ ‘‘چاول پرماتما کا روپ ہے۔’’ انہوں نے کہا کہ اس عمر میں اچھی غذا لینا ضروری ہے، تاکہ جسمانی مضبوطی کے ساتھ ذہنی صحت بھی بہتر رہے۔بعد ازاں، کلکٹر نے آنگن واڑی مرکز کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ بچوں کو متوازن و غذائیت بخش خوراک فراہم کی جائے۔ ماؤں اور بچوں کے لیے دیے جانے والے کھانے، اسنیکس، بالامرتم اور دیگر سہولیات کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔