ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کا عنقریب اعلان : خالد سیف اللہ

   

Ferty9 Clinic

آن لائن درخواستوں کی میرٹ کی بنیاد پر جانچ، پرانے شہر میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ

حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کانگریس کمیٹی میں مختلف عہدوں کے لئے آن لائن درخواستوں کی وصولی میں غیر معمولی ردعمل دیکھا گیا۔ پارٹی کے عہدوں کے لئے خواہشمند قائدین اور ورکرس سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ درخواستوں کے ادخال کی مہلت کے اختتام کے بعد صدر ضلع کانگریس کمیٹی سید خالد سیف اللہ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی پر عوام کا اعتماد مستحکم ہوا ہے جس کے نتیجہ میں پارٹی عہدوں کے لئے کارکنوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے لئے ضلع کانگریس کمیٹی نے تیاری شروع کردی ہے۔ جلد ہی اجلاس طلب کرتے ہوئے وارڈ سطح پر تیاریوں کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تمام 44 پارٹی ڈیویژنس کو متحرک کیا جائے گا۔ صدر ضلع کانگریس نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پرانے شہر کی 70 فیصد آبادی کو حکومت کی اسکیمات سے فائدہ پہنچا اور خاص طور پر آر ٹی سی میں مفت سفر، راشن کارڈ، باریک چاول اور دیگر اسکیمات سے پرانے شہر کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کے نتیجہ میں پرانے شہر میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوا ہے۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کے لئے حکومت تیزتر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے کیونکہ پرانے شہر کو گزشتہ 10 برسوں میں نظرانداز کردیا گیا۔ 1