کریم نگر میں منعقدہ اجلاس سے ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا خطاب
کریم نگر۔/13 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیرپنچایت راج و دیہی ترقیات ایرابلی دیاکر راؤ نے تیقن دیا کہ فنڈز مختص کرنے کے سلسلہ میں دیگر اضلاع سے بہت زیادہ کریم نگر ضلع کے لئے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ وہ یہاں کریم نگر ضلع پریشد میٹنگ ہال میں متحدہ ضلع کریم نگر ضلع پریشد کے اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکرتے ہوئے مخاطب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی قانون کی وجہ سے فنڈزو اختیارات سے محروم مقامی ادارہ جات کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے دوبارہ اس طرح کی ناانصافی نہ ہو اس کیلئے فنڈز اور اختیارات دیئے جانے کیلئے قانون میں ترمیم کی جاچکی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک انتظامیہ کے لئے کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا قانونی خلاف ورزی کرنے والے سرپنچوں اور دیگر مقامی ادارہ جات کے صدور و قائدین کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے قانون کے نفاذ کیلئے چیف منسٹرکے سی آر پنچایت راج ریونیو میونسپل کے قانون میں ترمیم کیلئے مبسوط منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ دیاکر راؤ نے واقف کروایا کہ عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی اجلاس میں قانون میں ترمیم کرکے نیا قانون روبہ عمل لایا جائے گا اس لئے سرپنچوں کو چیک پاور دیئے جانے میں تاخیر ہورہی ہے۔سرپنچ ، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ارکان، زیڈ پی چیرمین کو اختیارات دیئے جانے کے ساتھ خصوصی فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے۔ دیہاتوں میں اسکولس آنگن واڑی روزگار ضمانت اسکیم میں مقامی ادارہ جات قائدین کو بھی شریک کیا جارہا ہے۔ گاؤں کی صاف صفائی کے کاموں کی عمل آوری کے لئے سکریٹریز کو مقرر کیا جارہا ہے کسی بھی گاؤں و دیہات میں سرعام حوائج ضروریہ کے لئے نکل آنے پر کارروائی کی جائے گی۔ مشن بھگیرتا ملک بھر میں ایک مثالی پروگرام ہے جسے دیگر ریاستیں بھی اپنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں اور چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ دیہی روزگار ضمانت کے بلوں کی ادائیگی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں حالیہ دنوں مرکزی وزیر سے ملاقات کی گئی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ہریتا ہارم پروگرام کے تحت ہر شخص اپنے گھر میں چھ پودے لگائے اور اس کی نگہداشت بھی کرے اس کے علاوہ گاؤں میں میدانوں میں بھی شجرکاری کی جائے اور اس کی نگہداشت کرے تاکہ وہ پیڑ کی شکل اختیارکرلے ۔ درختوں کی وجہ سے بارش اچھی ہوگی اور اچھے دن آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری اور اس کی نگہداشت کیلئے جتنی رقم خرچ ہوگی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دینے کیلئے تیار ہیں۔ ہر شخص کو ہریتا ہارم پروگرام میں شریک ہونا چاہیئے ۔ پنچایت راج انتظامیہ میں کچھ خامیاں ہیں اس لئے سبھی کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جارہا ہے کچھ مفاد پرست بدعنوان افراد غلطیاں کررہے ہیں ، بدعنوانی سے پاک انتظامیہ بغیر ایک روپیہ خرچ کئے سبھی کسانوں کو پاس بکس ، ریتو بندھو اسکیم کی عمل آوری کے مقصد سے چیف منسٹر کے سی آر ریونیو انتظامیہ کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے آسرا پنشن کو دوگنا کرتے ہوئے عوامی قائدین کے ہاتھو ں تقسیم کا لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے۔ قبل ازیں وزیر صحت و طب ایٹالہ راجندر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب میں وزیر فینانس تھا تب دیگر اضلاع سے زیادہ ضلع کریم نگر کو فنڈز منظور کئے تھے یہ ایک حقیقت ہے اس لئے کہ گھر اچھا رکھ کر سماج کی ترقی کی فکر کرنی چاہیئے۔ اسی مقصد سے میں نے اپنے آبائی ضلع جہاں ابتدائی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک سیاسی قائدین منتخب ہوئے ہیں۔ اس لئے عوام کی فلاح و بہبود اورضلع کی ترقی کے لئے قائدین نے جو وعدے کئے اسے پورا کرنے کی کوشش کی تھی اس لئے ہر منڈل کو 20 لاکھ 30 لاکھ زائد فنڈز کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ اب بحیثیت وزیر صحت ریاست بھر میں ضلع کریم نگر کو صحت و صفائی میں پہلے مقام پر لاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع پریشد، منڈل پریشد ارکان ضلع کی ترقی کیلئے ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری کے لئے سماجی خدمات میں حصہ لیتے ہوئے ضلع پریشد کے وقار کے لئے عوام کو ایک خاندان کے افراد کی طرح پارٹی وابستگی کے بغیر متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔