ضمانت روزگار اسکیم کو ختم کرنے کی کوشش: پونم پربھاکر

   

گاندھی جی کا نام ہٹانے کی مذمت، بل سے دستبردار ہوجانے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 16۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے قومی ضمانت دیہی روزگار اسکیم سے گاندھی جی کا نام ہٹادینے پر سخت مذمت کی ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے دیہی ضمانت روزگار اسکیم کا نام تبدیل کرتے ہوئے وکاست بھارت گیارنٹی فار روزگار آئین اجویکا مشن رکھنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے یہ گاندھی جی کی توہین ہے۔ دیہی روزگار اسکیم کانگریس کی جانب سے متعارف کی گئی اسکیم ہے ۔ یہ اسکیم مزدوروں کو روزگار کی ضمانت فراہم کر رہی ہے ۔ ایسی اسکیم کو گاندھی جی سے موسوم کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت اس اسکیم سے گاندھی جی کا نام ہٹاتے ہوئے ان کے چاہنے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ پونم پربھاکر نے مرکزی حکومت سے استفسار کیا کہ نام کی تبدیلی سے ریاستی حکومتوں کی رائے حاصل کیوں نہیں کی گئی۔ پارلیمنٹ میں عجلت پسندی میں بلز پیش کرنے کی بھی مذمت کی گئی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بلز سے دستبردار ہوجائیں ۔ مرکزی حکومت اس اسکیم کی پہلے ہی رقمی کٹوتی کردی ہے۔ اب گاندھی جی کا نام ہٹا دیا گیا ہے ۔ اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ گوڈسے کے حامیوں کو خوش کرنے کیلئے اس طرح کی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کا ہر اقدام مخالف عوام ہے اور ریاستوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والا ہے۔ جی ایس ٹی کے ذریعہ ریاستوں کے اختیارات کو کم کردیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعہ کام کے دنوں کو 100 سے بڑھاکر 125 کردیا گیا ہے، مگر رقمی منظوری کو گھٹاتے ہوئے زیادہ بوجھ ریاستی حکومتوں پر عائد کیا جارہا ہے ۔ مرکز نے کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد اس اسکیم کے نام کو دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔2