ضمنی الیکشن :ایس پی کے گڑھ رامپور اور اعظم گڑھ میں بی جے پی کی جیت

,

   

سنگرور میں اکالی دل کی کامیابی‘عام آدمی پارٹی کو جھٹکہ

نئی دہلی۔ ملک میں لوک سبھا کی تین اور اسمبلی کی سات نشستوں کیلئے ہوئے حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا۔ بی جے پی نے اتر پردیش میں اعظم خاں کے گڑھ سمجھے جانے والے رامپور میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ اعظم گڑھ کی نشست بھی سماج وادی پارٹی سے چھین لی ہے ۔ادھر پنجاب کی سنگرور لوک سبھا نشست پر اکالی دل نے قبضہ کرلیا اوربر سر اقتدار عام آدمی پارٹی کو زبردست جھٹکہ لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق رامپور سے بی جے پی کے امیدوار گھنشیام لودھی نے 40 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار عاصم رضا کو شکست دی۔ اعظم گڑھ سے دنیش لال یادو نے اکھلیش یادو کے رشتہ دار دھرمیندر یادو کو ہراکر کامیابی حاصل کرلی۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے استعفی کے بعد خالی ہوئی سنگرور لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کو شدید دھکہ لگا ہے۔ یہاں سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار گرمیل سنگھ ہار گئے ہیں۔پنجاب کی اس ہائی پروفائل سیٹ پر شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے امیدوار سمرنجیت سنگھ مان کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سمرنجیت مان کی طبعیت خراب ہوگئی جنہیں دواخانہ سے رجوع کیا گیا ہے ۔تریپورہ کی چار اسمبلی نشستوں میں تین پر بی جے پی اور ایک پر کانگریس نے کامیابی حاصل کی ۔دہلی کی راجندرنگر سیٹ پر عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی۔جھارکھنڈ میں کانگریس نے مندراسمبلی حلقہ میں جیت حاصل کی جبکہ وائی ایس آر کانگریس نے آتماکور اسمبلی حلقہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔