بھوپال ۔ مدھیہ پردیش میں اسمبلی کی کچھ نشستوں کیلئے انتخاب سے قبل پردیش کانگریس کی جانب سے ایک ہفتہ طویل پدیاترا کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا تاکہ عوام میں دریاوں کے تحفظ کے تعلق سے شعور بیدار کیا جاسکے اور گوالیا ۔ چمبل علاقہ میں دریاوں کے قریب سے ریتی کی غیر قانونی نکاسی کو روکا جاسکے۔ سینئر رکن اسمبلی گوند سنگھ کی قیادت میں اس پد یاترا کو بھنڈ ضلع میںلاہر کے مقام پر گاندھی پارک سے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا جائیگا اور یہ پد یاترا 11 ستمبر کو ڈاٹیا ضلع میںدریائے سندھ کے کنارے اختتام کو پہونچے گی ۔ پردیش کانگریس کے ترجمان بھوپیندر گپتا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گوند سنگھ دریائے چمبل اور اس سے ملنے والی ندیوں کے کناروں پر پیدل سفر کرینگے کیونکہ غیر قانونی طور پر ریتی کی نکاسی سے دریاوں کو نقصان پہونچایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران مسٹر سنگھ عوام کو بتائیں گے کہ کس طرح سے بی جے پی سابق کانگریس ارکان اسمبلی کے ساتھ ریاست میں عوام کی جانب سے جمہوری طورپ ر منتخبہ حکومت کو مارچ میں زوال کا شکار کرنے اور خود اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ کانگریس کے 16 ارکان اسمبلی کے انحراف کے ذریعہ بی جے پی نے کانگریس حکومت کو زوال کا شکار کیا تھا اور ان میں سے بیشتر ارکان کی اکثریت گوالیار ۔ چمبل علاقہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ کانگریس کے کئی سینئر قائدین بشمول کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری موہن پرکاش بھی اس یاترا میں حصہ لیں گے ۔ ریاست میں جملہ 27 اسمبلی حلقوں کیلئے ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا جانا باقی ہے ۔ ان میں 16 حلقہ جات اسمبلی گوالیار ۔ چمبل علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور یہیں سے منتخب ہونے والے کانگریس ارکان اسمبلی نے انحراف کردیا تھا جس کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی حکومت کا قیام ممکن ہوسکا تھا ۔