کابل : طالبان نے افغانستان کو اقتصادی بحران اور انسانی تباہی سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ سے ایک ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کی اپیل کی۔ طالبان حکمراں ماسکو میں دس علاقائی طاقتوں کی طرف سے اس اپیل کی تائید حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ماسکو میں چہارشنبہ کے روز روس کی میزبانی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں روس، چین، پاکستان، بھارت، ایران، قزاکستان، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان اور کرغزستان نے طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ سے کی گئی اس اپیل کی حمایت کی کہ افغانستان کی تعمیر نو میں مدد کے لیے حتی الامکان جلد از جلد ایک ڈونر کانفرنس منعقد کی جائے۔شرکاء ممالک نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد میں بہر صورت اس بات کو مدنظر رکھا جانا چاہئے کہ افغانستان کی تعمیر نو کاسب سے زیادہ بوجھ ان طاقتوں کو برداشت کرنا ہوگا جن کی فوجیں گزشتہ 20 برسوں سے زیادہ عرصے تک اس ملک میں موجود رہی تھیں۔یہ واضح اشارہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب ہے، جنہوں نے 11ستمبر 2001 کے ٹوئن ٹاورز حملوں کے بعد افغانستان پر فوج کشی کردی تھی اور جن کے جلد بازی میں ملک چھوڑ کر چلے جانے کے سبب گزشتہ اگست میں ملک پر طالبان کے کنٹرول کرنے کا راستہ ہموار ہو گیا۔