طالبان نمائندہ حکومت بنانے میں ضرور کامیاب ہو ں گے

   

نئی دہلی /اسلام آباد:پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں ایک نمائندہ حکومت بنانا طالبان کی کوشش بھی ہے اور خواہش بھی، ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اس میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ جیو نیوز کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ماضی میں طالبان کو تنہا کرنے کا خمیازہ پوری دنیا نے بھگتا، دنیا دیکھ رہی ہے کہ طالبان اپنے کہے پر کتنا عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دنیا طالبان کے ساتھ روابط استوار کرے تو بہتری کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اپنا انخلا مکمل کرے اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے ۔