طالبان کے حملے میں 11پولیس اہلکارسمیت 26ہلاک

   

کابل ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صوبائی عہدیداروں نے بتایا کہ طالبان نے اپنے تازہ ترین حملوں میں 26 افراد بشمول گیارہ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ۔ یہ حملے ایک ایسے وقت کئے گئے جب طالبان کے نمائندے افغان عہدیداروں کے ساتھ ماسکو میں ملاقات کرنے والے ہیں جن میں سابق افغان صدر حامد کرزئی کے علاوہ اپوزیشن قائدین اور قبائیلی سربراہان بھی شامل ہیں۔ البتہ کابل حکومت کا کوئی عہدیدار شامل نہیں ہے ۔ بغلائی مرکزی ڈسٹرکٹ میں واقع چیک پوائنٹ پر حملہ کرتے ہوئے طالبان نے مقامی پولیس فورس کو نشانہ بنایا جس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہا ۔ صوبائی کونسل کے سربراہ صفدر حسنی نے یہ بات بتائی۔ فائرنگ کے تبادلہ کے دوران پانچ پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ طالبان نے ری انفورسمنٹس کے وہاں پہونچنے سے قبل سکیورٹی فورسس کے تمام اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کرلئے تاہم ری انفورسمنٹس نے تاخیر سے پہنچنے کے باوجود چیک پوائنٹ پر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا۔