بلخ (افغانستان) ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) طالبان جنگجوؤں کے شمالی افغانستان میں واقع پولیس ہیڈکوارٹرس میں ہلہ بولنے کے واقعہ میں کم و بیش گیارہ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ طالبان نے زائد از ایک درجن پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنالیا ۔ دریں اثناء صوبائی ترجمان منیر فرہاد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کا ایک بڑا قافلہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھا جن کی تعداد 400 بتائی گئی ہے اور انہوں نے صوبہ بلخ میں واقع پولیس ا سٹیشن پر ہلہ بول دیا جس کے بعد کئی گھنٹوں تک طالبان اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں گیارہ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ طالبان کی صفوں میں بھی نقصان ہوا۔شواٹیپا ڈسٹرکٹ چیف کریم خان نے بتایا کہ طالبان 13 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناتے ہوئے ہیڈکوارٹرس کی عمارت کو آگ لگادی اور وہاں سے نکل بھاگے۔
