طب یونانی میں کریئر کے روشن امکانات: پروفیسر

   

نئی دہلی : طب یونانی کی روزگار رخی اہمیت اور افادیت کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن اور ایڈوائزر (یونانی)، وزارت آیوش نے کہا کہ ملک میں طب یونانی و دیگر آیوش نظام طب میں تعلیم، روزگار اور کاروبار کے روشن امکانات ہیں۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی کے بہت سارے تعلیمی ادارے ہیں جن میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے کورسیز موجودہیں۔ ان اداروں میں بی یوایم ایس، ایم ڈی اور پی ایچ ڈی کے علاوہ یونانی میڈیسن میں پی جی ڈپلوما اور یونانی فارمیسی (میڈیسن) میں ڈپلوما کے کورسیز ہیں،جن کو مکمل کرنے کے بعدامیدوار مرکزی اور ریاستی حکومتوں، تعلیمی اداروں، دواسازکمپنیوں میں ملازمت کے علاوہ ذاتی روزگار اورکاروبار کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے آیوش نظام طب کی ترقی اورروزگار کے مواقع کیلئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ قومی آیوش مشن کی مرکزی اسکیم کے تحت ریاستی حکومتوں کو نئے آیوش کالج کھولنے کے لیے فراہم کی جانے والی مالی امداد کی رقم 9 کروڑ روپے سے بڑھا کر 70 کروڑ روپے کردی گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عزت مآب وزیر سروانند سونووال کی قیادت میں وزارت آیوش بالخصوص شمال مشرقی ریاستوں میں موجودہ صحت کی بنیادی سہولیات میں اضافے کے قیام کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔