طب یونانی پیانل کی میٹنگ،اہم کتابوں کی اشاعت پر غور

   

نئی دہلی: طب یونانی کے حوالے سے جاری علمی و اشاعتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور نئے موضوعات پر غور و خوض کے لیے آج کونسل کے طب یونانی پیانل کی میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت پیانل کے صدر ڈاکٹر خالد صدیقی نے کی۔ اس موقع پر انھوں نے طب یونانی کے فروغ میں کونسل کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈائرکٹر شیخ عقیل اور متعلقہ ذمہ داران کی توجہ کی بدولت اب تک بہت سی قیمتی کتابیں یہاں سے شائع ہوچکی ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ پیانل کے ذریعہ کئی اہم علمی و اشاعتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے جو عنقریب منظر عام پر آجائے گا۔ قبل ازیں کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے پیانل کے تمام ممبران کا خیر مقدم کیا اور پیانل کے زیر نگرانی چل رہے منصوبوں کی صورتحال سے انھیں واقف کروایا۔ انھوں نے بتایا کہ تشریح البدن (تین جلدیں) شائع ہوچکی ہے جبکہ جراحت، امراض نسواں و قبالہ، کلیات ادویہ اورامراض اطفال جیسی کتابوں پر کام جاری ہے ، ان میں سے بیشتر کتابیں تقریباً آخری مرحلے میں ہیں۔ پیانل کے ممبران نے ان کتابوں کی موجودہ اسٹیٹس کا جائزہ لیا اور قابل ترمیم امور کی نشاندہی کے ساتھ ان کی جلد اشاعت پر زور دیا۔ انھوں نے طب یونانی اور میڈیکل سائنس کے شعبے میں ہونے والی نئی تبدیلیوں؍ترقیات پر نظر رکھنے اور ان کی روشنی میں نئی علمی و تحقیقی کتابوں کی تیاری پر بھی توجہ دلائی۔ میٹنگ میں پیانل کے ممبران ڈاکٹر محمد آفتاب، ڈاکٹر محمد اکرم اور کونسل کی ریسرچ اسسٹنٹ ذیشان فاطمہ وغیرہ بھی شریک رہے ۔قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان فروغِ اردو کے ساتھ اردو سے جڑے تہذیبی و علمی ورثے کے فروغ و تحفظ کیلئے بھی سرگرم ہے۔
انسانی بیماریوں کے علاج کے قدیم و مفید ترین طریقوں پر مشتمل طبِ یونانی کا بیشتر علمی سرمایہ اردو زبان میں ہے اور اس شعبے میں نئی نئی دریافتیں بھی سامنے آرہی ہیں، کونسل اس سرمایے کے تحفظ کے ساتھ طب یونانی کے نئے پہلوو[؟][؟]ں پر باقاعدہ ایک پیانل کی رہنمائی میں کام کر رہی ہے ۔ اب تک اس موضوع اور اس کے متعلقات پر درجنوں اہم کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔