طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہاسپٹل کا موثر استعمال ناگزیر

   

شنکرم پیٹ کے منڈل ہیڈ کوارٹرہیلتھ سنٹرکامعائنہ ‘ کلکٹرکا خطاب
میدک، 8؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میدک کے کلکٹر راہول راج نے کہا کہ پسماندہ عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے سرکاری اسپتالوں کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔ کلکٹر نے اچانک دورہ کرتے ہوئے شنکرام پیٹ منڈل ہیڈکوارٹر پر واقع پرائمری ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک جامع منصوبے کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسپتال میں طبی خدمات، عملے کی حاضری رجسٹر، ادویات کی دستیابی اور او پی رجسٹر کی جانچ کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ کلکٹر نے کہا کہ ضلع کے تمام سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی اور اسٹاف کی وقت کی پابندی پر کلکٹر آفس سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام عملہ وقت کی پابندی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مانسون کے پیش نظر ادویات کی مناسب ذخیرہ اندوزی کی ہدایت دی اور اسپتال عملے کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کے ساتھ بہتر تال میل کے ساتھ علاج فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملیریا، ڈینگی اور ٹائیفائیڈ جیسی موسمی بیماریاں کسی بھی وقت پھیل سکتی ہیں، اس لیے فیلڈ لیول پر معائنہ جات کیے جائیں اور عوام کو موسمی بیماریوں کے متعلق شعور دیا جائے۔ کلکٹر نے ذاتی اور اطراف کی صفائی، اْبالا ہوا اور صاف پانی پینے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر اسپتال عملہ اور دیگر افراد موجود تھے۔