طبی شعبہ کو مستحکم کرنے 10 ہزار کروڑ مختص

   

شہرمیں 4 سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹلس کیلئے اراضی کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر محکمہ صحت کی جانب سے طبی شعبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی خریدی کیلئے سالانہ 3 ہزار کروڑ روپئے کے لحاظ سے آئندہ تین سال میں10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کی حکمت عملی تیار کی ۔ پراجکٹ کے تحت نئے میڈیکل کالجس کا قیام سوپراسپشالٹی ہاسپٹلس کی تعمیرات، موجودہ گورنمنٹ ہاسپٹلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع رپورٹ تیار کی ہے، جس پر کابینہ میں بھی غوروخوض کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے اس رپورٹ کا سنجیدگی سے نوٹ لیا اور طبی شعبہ کو مستحکم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ ریاست میں فی الحال 10 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں جاریہ سال مزید 8 میڈیکل کالجس کے قیام کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ دو سال کے بعد مزید 8 میڈیکل کالجس قائم کرنے کی تیاریاں کرلینے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں 43 سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیر کیلئے اراضی مختص کرنے کابینہ اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ گچی باؤلی نمس ہاسپٹل کے احاطہ میں ہاسپٹل کیلئے مزید 5 ایکر اراضی مختص کی گئی۔ گڈی انارم میں فروٹ مارکٹ اراضی میڈیکل کالج کیلئے مختص کی گئی اور ان اراضیات پر تعمیری کام شروع کرنے کی چیف منسٹرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ یرہگڈہ چیسٹ ہاسپٹل کی اراضی حکومت کی ہے۔ الوال میں ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ ان سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیرات کی ذمہ داری محکمہ عمارت و شوارع کو سونپی گئی ہے اور سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیر کیلئے ڈیزائن بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ N