طرابلس۔ 13 مئی (یو این آئی) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پیر کو حریف مسلح گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپیں صدارتی کونسل سے وابستہ سٹیبلٹی سپورٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ عبدالغنی الککلی عرف غنیوا کی ہ موت کی خبر کے بعد شروع ہوئیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسٹر الککلی (غنیوا) کی موت طرابلس ملٹری زون سے منسلک 444 بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی۔ ان کی وہاں موجودگی کی وجہ واضح نہیں ہے ۔ اس واقعہ کے بعد طرابلس کے جنوبی علاقوں میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور حالات کشیدہ ہو گئے ۔ طرابلس اور اس کے آس پاس گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران فوجی سرگرمیوں کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں زاویہ، زنتان اور مصراتہ کے شہروں سے مسلح گروہوں کو دارالحکومت کی طرف بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ وزارت صحت کے میڈیکل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے جھڑپوں کے بعد مکمل الرٹ کا اعلان کر دیا جبکہ وزارت داخلہ نے طرابلس کے رہائشیوں کو اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا۔