نئی دہلی : اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے جمعہ کے روز کہا کہ مودی حکومت ‘سیاسی استحصال’ نہیں بلکہ ‘جامع اور بااختیاربنانے ’کے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے اور طلاق ثلاثہ کو ختم کرکے مسلم معاشرے کی نصف آبادی کیلئے وقارواحترام ،تحفظ اور مساوات قائم کرنے کا کام کیا ہے ۔نقوی نے ‘مسلم خواتین کے حقوق کے عالمی دن’ کے موقع پر قانون و انصاف کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد ، خواتین و اطفال ترقیا ت کی وزیر اسمرتی ایرانی کے ساتھ ایک ورچوول کانفرنس کے ذریعے ملک بھر کی مسلم خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلاق ثلاثہ کو ختم کرکے مسلم سماج میں برسوں سے استحصال کی شکار خواتین کوعزت ووقار، تحفظ اور مساوات فراہم کیا ہے ۔مودی سرکار نے طلاق ثلاثہ کی روایت کو ختم کر کے مسلم خواتین کے آئینی، بنیادی، جمہوری اور برابری کے حقوق کو یقینی بنایا ہے ۔
